Sunday 2 April 2017

حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد فاروقی سر ہندی۔

حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد فاروقی کی ولادت بروز جمعہ 14شوال 1971ھ بمطابق 26جون 1556ء سر زمین پنجاب قصبہ سر ہند میں ہوئی۔ آپ کا اسم گرامی احمد رکھا گیا۔ آپ کا لقب بدرالدین کنیت ابوالبرکات تھی۔آپ کا شجرہ نسب 29 سلسلوں سے امیر المومین سید نا فاروق اعظم حضرت عمر بن الخطاب ؓسے ملتا ہے۔ آپ کے والد محترم شیخ عبدالاحد اپنے وقت کے ایک بہت بڑے عالم باعمل تھے۔ جن کے مرشد حضرت شیخ عبدالقدوس گنگوہی مشائخ چشتیہ میں سے تھے۔ حضرت شیخ عبدالاحد کا وصال 27جمادی الآخر 1007ء کو 80برس کی عمر میں سر ہند میں ہوا اور وہیں مدفون ہیں۔

حضرت مجدد الف ثانی نے ابتدائی تعلیم اپنے والد بزرگوار حضرت شیخ عبدالاحد سے حاصل کی۔ آپ نے قرآن پاک تھوڑے ہی عرصہ میں حفظ کر لیا۔ اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آپ سیالکوٹ تشریف لے گئے۔ وہاں مولانا کمال الدین کشمیری اور شیخ محمد یعقوب کا شمیری جیسے بزرگوں سے پڑھ کر سند حاصل کی۔ آپ نے بالغ ہونے سے قبل تمام ظاہری علوم سے فراغت حاصل کر لی۔ وہاں علماء دین سے ملاقات کی ،اور آپ آگرہ چلے گئے ان دنوں وہاں علماء کی بہت شہرت تھی۔ وہاں علمائے دین سے ملاقات کی وہ آپ کی قابلیت اور ذہانت دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔ یہی وجہ ہے بہت سارے علماء آپ کی مجلس درس میں حاضر ہوئے۔

حضرت مجدد الف ثانی والد محترم کی وفات کے بعد حج بیت اﷲ اور زیارت روضۂ رسول کے ارادے سے گھر سے روانہ ہوئے۔ دہلی پہنچ کر ایک دوست شیخ حسن کشمیری سے حضرت خواجہ باقی باﷲ کے کمالات باطنی کا ذکر سن کر شوق زیارت پیدا ہوا۔ جب ملاقات کو پہنچے توحضرت باقی باﷲؒ  نے فرمایا کہ آپ ایک مبارک سفر پر جا رہے ہیں لیکن اگر چند روز فقیر کی صحبت میں رہیں تو کیا اچھا ہوگا۔حضرت مجدد الف ثانیؒ حضرت خواجہ باقی باﷲؒ کی خواہش کے احترام میں جو خلوص و محبت پر مبنی تھی رک گئے۔ حضرت خواجہ باقی باﷲ ؒ نے آپ کو طریقہ خواجگان کی تعلیم شروع کی اور تھوڑے عرصہ میں آپ کو علوم باطنی سے مالا مال کر دیا اور حضرت مجدد ؒنے مقام تکمیل حاصل کر لیا۔ حضرت خواجہ باقی باﷲ ؒ نے آپ کو سلسلہ تقشبندیہ کی اجازت عطا فرمائی اور خرقہ شریف سے مشرف فرمایا۔ حضرت باقی باﷲ ؒ آپ کا بہت احترام کر تے اور فرماتے کہ میں حضرت شیخ احمدؒ کو نسبت نقشبندی کی امانت دے کر بری الذمہ ہو گیا ہوں اور فرمایا شیخ احمد ایک آفتاب ہیں اور ہم جیسے ہزاروں ستارے اس کی روشنی میں گم ہو جائیں گے۔

حضرت مجدد الف ثانی کے والد بزرگوار شیخ عبدالاحد بچپن کے زمانے میں اس زمانے کے مشہور صوفی بزرگ حضرت شاہ کمال کھیتلی کی خدمت میں حضرت مجدد الف ثانی کو لے گئے۔ آپ نے جب نظر عنایت بچے پر فرمائی تو آپ نے فرمایا۔ اے عبدالاحد یہ بچہ آپ کے گھر میں بہت نیک عالم با عمل پیدا ہوا۔ اس کے فیض سے ہندوستان میں تمام گمراہیوں اور تاریکیوں کا خاتمہ ہوگا۔ کچھ دیر بعد شاہ صاحب نے اپنی شہادت کی انگلی بچے کے منہ میں دے دی۔ بچہ انگلی چوسنے لگا۔ کچھ دیر بعد شاہ صاحب نے منہ سے انگلی نکال کر فرمایا۔ اس بچے نے قادر یہ سلسلہ کی تمام نعمتیں ہم سے لیں۔

حضرت شاہ کمال کھیتلیؒ کئی دفعہ سر ہند شریف تشریف لائے۔ جب آپ سر ہند آتے آپ بہت ہی شفقت سے حضرت مجدد الف ثانیؒ سے ملتے اور کہتے عنقریب یہ بچہ بہت بلند مرتبہ پر ہوگا۔ حضرت شاہ کمال کھیتلیؒ نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کا خرقہ مبارک جو ان کے پاس امانت تھا اپنے پوتے شاہ سکندر کو دے کر فرمایا یہ خرقہ مبارک حضرت مجدد الف ثانیؒ کو دے دینا۔

حضرت مجدد الف ثانی ؒکے دور حیات میں ہندوستان پر اکبر بادشاہ کا راج تھا۔ بادشاہ اکبر کو اپنی عقل اور فہم پر بڑا ناز تھا۔ یہاں اپنی من مانیوں کی وجہ سے لوگوں کو گمراہ کرنے پر تلا ہوا تھا۔ شریعت اسلام کو بالکل اہمیت نہیں دیتا تھا۔ دربار میں خوشامدی مصاحبوں میں گھر ا رہتا تھا۔ لوگ اس کو سجدہ کرنے لگے تھے۔ بادشاہ اکبر اپنے آپ کو ظل الٰہی کہلواتا تھا اور دین الٰہی کے نام سے ا پنا ایک الگ دین قائم کیا تھا۔ اکبر بادشاہ کے دین الٰہی کو مٹانے کے لئے اﷲ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺکی شریعت محمدﷺ کو بچانے کے لئے ہندوستان کی سرزمین قصبہ سر ہند میں حضرت مجدد الف ثانیؒ کا ظہور فرمایا۔

حضرت مجد د الف ثانیؒ خلعت مجددیت 1009میں اﷲ تعالیٰ کی طرف سے عطا ہوئی مجدد کے معنی ہیں۔ شروع کرنے والا۔ الف یعنی ہزار ثانی یعنی حبیب خدا احمد مصطفٰے ﷺ کے ایک ہزار سال بعد یعنی دوسرے ہزار کے شروع میں حضرت مجدد الف ثانی سر ہند کا ظہور ہوا اس لئے آپ کو مجدد الف ثانی کالقب حاصل ہوا۔

حدیث مبارک ہے فرمایا حضور پاک ﷺنے اﷲ تعالیٰ اپنی امت کی اصلاح کیلئے ہر صدی کے سرے پر ایک مجددایسے بندے کو بھیجتا رہے گا جو اس دین کو ازسر نو تازگی بخشے گا الف ثانی اس نازک اور تاریک دور میں شریعت محمدیﷺ کے چمن میں بہار لائے۔ آپ نے کافی تکلیفوں کا سامنا کر نے کے باوجود اپنے فرض کو بخوشی انجام دیا۔ اس لئے آپ کو ساری دنیا مجدد الف ثانی ؒکے نام سے پکارتی ہے۔

حضرت مجدد الف ثانی ؒکی وفات 63سال کی عمر میں 28صفر 1034ہجری سرہند شریف میں ہوئی ہر سال آپ کا عرس مبارک 28صفر سے شروع ہوتا ہے۔ عرس مبارک میں شرکت کے لئے زائرین اپنے ملک کے علاوہ بیرونی ملک سے آتے ہیں۔

No comments:

Post a Comment