Monday 14 August 2017

کیا اب پاکستان میں مارشل لاء کا نفاذ ھوگا؟

پاکستان کے 1947 میں قیام سے لیکر 1958 تک 11 سال کے عرصے کے لیے پاکستان میں جمہوری سیاست کا دور رھا اور پاکستان کی حکمراں جماعت مسلم لیگ رھی لیکن؛

جنرل ایوب خان نے پاکستان میں مارشل لاء نافذ کرکے کنونشل لیگ کے نام سے سیاسی جماعت بنائی جو بہت کامیاب رھی اور پاکستان کی حکمراں جماعت کہلوائی لیکن بد قسمتی سے ایوب خان کے پاکستان کا اقتدار چھوڑنے کی وجہ سے کنونشل لیگ کو زوال کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ویسے جنرل ایوب خان کی پاکستان پر 1958 سے لیکر 1969 تک 11 سال کے عرصے کے لیے حکومت رھی۔ جبکہ 1969 سے لیکر 1971 تک 2 سال کے عرصے کے لیے جنرل یحیٰ خان نے پاکستان میں مارشل لاء نافذ کرکے حکومت کی لیکن سیاسی جماعت بنانے کی زحمت نہیں کی ورنہ جنرل یحیٰ خان کی بنائی ھوئی سیاسی جماعت بھی بہت کامیاب رھتی اور پاکستان کی حکمراں جماعت کہلواتی۔ 1971 سے لیکر 1977 تک کے 6 سال کے عرصے کے لیے پاکستان میں جمہوری سیاست کا دور رھا اور پی پی پی کو پاکستان پر حکومت کرنے کا موقعہ مل گیا۔

جنرل ضیاء الحق نے پاکستان میں مارشل لاء نافذ کرکے جونیجو لیگ کے نام سے سیاسی جماعت بنائی جو بہت کامیاب رھی اور پاکستان کی حکمراں جماعت کہلوائی لیکن بد قسمتی سے ضیاء الحق کے جہاز کے حادثے میں مارے جانے کی وجہ سے جونیجو لیگ کو زوال کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ویسے جنرل ضیاء الحق کی پاکستان پر 1977 سے لیکر 1988 تک 11 سال کے عرصے کے لیے حکومت رھی۔ 1988 سے لیکر 1999 تک کے 11 سال کے عرصے کے لیے پاکستان میں جمہوری سیاست کا دور رھا اور 1988 سے لیکر 1990 تک پی پی پی کو ' 1990 سے لیکر 1993 تک ن لیگ کو ' پھر 1993 سے لیکر 1996 تک پی پی پی کو ' 1997 سے لیکر 1999 تک ن لیگ کو پاکستان پر حکومت کرنے کا موقعہ مل گیا۔

جنرل پرویز مشرف نے پاکستان میں مارشل لاء نافذ کرکے ق لیگ کے نام سے سیاسی جماعت بنائی جو بہت کامیاب رھی اور پاکستان کی حکمراں جماعت کہلوائی لیکن بد قسمتی سے پرویز مشرف کے پاکستان کا اقتدار چھوڑنے کی وجہ سے ق لیگ کو زوال کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ویسے جنرل پرویز مشرف کی پاکستان پر 1999 سے لیکر 2008 تک 9 سال کے عرصے کے لیے حکومت رھی۔ 2008 سے لیکر 2018 تک کے 10 سال کے عرصے کے لیے پہلے 2008 سے لیکر 2013 تک پی پی پی کو اور 2013 سے لیکر 2018 تک ن لیگ کو پاکستان پر حکومت کرنے کا موقعہ ملا رھا۔

پاکستان میں جمہوری اور فوجی حکومتوں کے دورانیے کا اگر جائزہ لیا جائے تو اب جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاکستان میں مارشل لاء نافذ کرکے کسی مناسب نام سے سیاسی جماعت بنانے کی باری ھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی بنائی ھوئی سیاسی جماعت بھی بہت کامیاب رھے گی اور پاکستان کی حکمراں جماعت کہلوائے گی۔ جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاکستان پر تقریبا 10 سال تک کے عرصے کے لیے حکومت رھے گی۔ لیکن جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ھے کہ؛ پاکستان آئین اور قانون کے راستے پر چل پڑا ھے۔ اس سے مراد کیا لیا جائے؟ کیا اب پاکستان میں مارشل لاء نافذ کرکے کسی مناسب نام سے سیاسی جماعت نہیں بنائی جائے گی جو بہت کامیاب رھے اور پاکستان کی حکمراں جماعت کہلوائے؟ اگر اب پاکستان میں مارشل لاء نافذ نہیں ھوگا تو پھر انکا کیا بنے گا جو پاکستان میں جمہوری کے بعد فوجی حکومت کے دورانیے کے منتظر ھیں؟

No comments:

Post a Comment