Sunday, 9 August 2020

دریائے چناب "پنجاب کے پانچ دریائوں" کا پانی سمو کر سمندر تک جاتا ھے۔

پنجاب کے معنی پانچ پانی ھے۔ پنج کے معنی پانچ اور آب کے معنی پانی۔ یعنی پانچ پانیوں کی سرزمین ھے۔ عمومی طور پر یہ پانچ دریا ستلج ' بیاس ' راوی ' چناب اور جہلم لیے جاتے ھیں۔ لیکن بیاس کو دریا کے بجائے ستلج دریا کا معاون دریا یا نالہ بھی کہا جاتا ھے اور پنجاب کے پانچ دریا ستلج ' راوی ' چناب ' جہلم اور سندھ لیے جاتے ھیں۔ چناب دریا درمیان میں واقع ھے۔ چناب کے مغرب کی طرف جہلم اور سندھ جبکہ مشرق کی طرف راوی اور ستلج ھیں۔

چناب دریا ھی مغربی سمت سے جہلم اور سندھ جبکہ مشرقی سمت سے راوی اور ستلج کا پانی اپنے اندر سموتے ھوئے سندھ میں داخل ھوکر سمندر تک پہنچتا ھے۔ سندھ طاس معاھدہ کی رو سے دریائے چناب کے پانی پر پاکستان کا حق تسلیم ھے۔ پنجابی تہذیب میں "چناب" کا مقام ایک علامت کے طور پر ھے۔ جس کے گرد پنجابی سوجھ بوجھ گھومتی ھے اور "سوھنی مہینوال" کی پنجابی رومانوی داستان دریائے چناب کے گرد ھی گھومتی ھے۔

دریائے چناب کا نام "چن" اور "آب" سے مل کر بنا ھے۔ جس میں چن کا مطلب چاند اور آب کا مطلب پانی ھے۔ چندر بھاگ دریائے چناب کا پرانا نام ھے۔ ویدک زمانہ (قدیم ھندوستان) میں اس کو اشکنی یا اسکمتی کے نام سے اور قدیم یونان میں آچے سائنز کے نام سے جانا جاتا تھا۔ بالائی ھمالیہ میں ٹنڈی کے مقام پر دریائے چندرا اور دریائے بھاگا کے ملاپ سے چناب دریا بنتا ھے۔ بالائی علاقوں میں اس کو چندرا بھاگا کے نام سے بھی پکارا جاتا ھے۔ یہ مشرقی پنجاب کے صوبے ھماچل پردیش کے ضلع لاھول میں داخل ھوکر پنجاب میں بہنا شروع کرتا ھے۔ یہ جموں کے علاقہ سے بہتا ھوا پنجاب کے میدانوں میں داخل ھوتا ھے۔

پنجاب میں ضلع جھنگ میں تریموں بیراج کے مقام پر مغرب کی طرف سے دریائے جہلم اور احمد پور سیال کے مقام پر مشرق کی طرف سے دریائے راوی کا پانی "چناب" میں شامل ھوتا ھے۔ "چناب" جب ضلع بہاولپور میں اوچ شریف سے 16 کلومیٹر شمال کے مقام پر پہنچتا ھے تو دریائے ستلج مشرق کی طرف سے "چناب" میں شامل ھوتا ھے۔ ستلج دریا میں بیاس کا پانی بھی ھونے کی وجہ سے دو دریائوں کے پانی کے "چناب" میں شامل ھونے۔ جبکہ "چناب" میں پہلے سے موجود دو دریائوں جہلم اور راوی کے پانی کے موجود ھونے کی وجہ سے "پنجند" یعنی پانچ دریائوں کے پانی کا مقام وجود میں آتا ھے۔

"پنجند" کے مقام سے پانچ دریائوں کے پانی کو اپنے اندر سموئے ھوئے "چناب" جب 71 کلومیٹر تک جنوب مغرب کی طرف بہتا ھوا ضلع راجن پور میں مٹھن کوٹ سے ایک کلومیٹر مشرق کے مقام پر پہنچتا ھے تو مغرب کی طرف سے دریائے سندھ کا پانی "چناب" میں شامل ھوتا ھے اور "چناب" اپنے اندر پنجاب کے پانچ دریائوں جہلم ' راوی ' بیاس ' ستلج ' سندھ کا پانی سمو کر صوبہ سندھ میں داخل ھوکر بحر عرب کے سمندر تک پہنچتا ھے۔

No comments:

Post a Comment