Tuesday, 14 July 2020

میں ایک متعصب پنجابی ہوں؟؟؟

جی ہاں جناب میں ایک متعصب پنجابی ہوں۔ میں اتنا متعصب ہوں کہ سندھ کے رہائشی ذولفقار علی بھٹو کو اپنے شہر لاہور سے اپنے کندھوں پر بیٹھا کر اقتدار میں لاتا ہوں۔

میں ایک متعصب پنجابی ہوں جو بے نظیر بھٹو کو ضیاء الحق کے بعد لاہور ائیرپورٹ پر لاکھوں کی تعداد میں سر آنکھوں پر بٹھا کر لاتا ہے۔

میری متعصبی ہی ہے جو دو تھائی اکثریت سے منتخب ہونے والے "پنجابی وزیر اعظم " کو ایک " مہاجر " جنرل پرویز مشرف حکومت سے نا صرف بے دخل کرتا ہے بلکہ پورے خاندان کو ملک بدر کردیتا ہے۔

میں ایک متعصب پنجابی ہوں اس کا اندازہ اس بات سے لگا لیجئے کہ مہاجروں کا سب سے بڑا لیڈر " الطاف حسین " جب بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہے تو اپنے قدم لاہور کی زمین پر پہلے اتارنا چاہتا ہے۔

مجھے بلوچستان میں بے دردی سے مارا گیا پر میری متعصبی دیکھیئے کہ آج تک پنجاب کے کسی کونے میں کسی بلوچ کو ایک خراش تک نہیں آئی۔

مجھے کراچی میں بے دردی سے مارا گیا پر میری متعصبی دیکھیئے کہ آج تک پنجاب کے کسی کونے میں کسی اردو بولنے والے ھندوستانی مھاجر کو ایک خراش تک نہیں آئی۔

میں کراچی میں دوسری بڑی اکثریت ہوں پر میری کوئی نمائندہ جماعت نہیں۔ میں ایم کیو ایم میں بھی ہوں۔ میں پیپلز پارٹی و تحریک انصاف میں بھی ہوں حتیٰ کہ میں اے این پی میں بھی ہوں۔

میری متعصبی ہی ہے جو ہمارے گھر میں جب بچہ " اردو " بولتا ہے تو ماں باپ اس بات پر فخر کرتے ہیں۔

میرے صوبے کے دو سے تین ٹکڑے کرنے کی باتیں کراچی سے لیکر کشمور تک ہوئی پر میں پھر بھی خاموشی سے دیکھتا رہا کیوں کہ میں " متعصب پنجابی " تھا۔

پنجاب کو دو حصوں میں بانٹنے کی بات کرنے والی پیپلز پارٹی کا دفتر تو دور کوئی ایک جھنڈا بھی نہیں جلایا۔

لاہور ' فیصل آباد ' اٹک ' سیالکوٹ ' راولپنڈی میں پختون اور مہاجر بھائیوں کی اکثریت ہے پر وہاں کبھی کسی کو اسکی زبان کی بنیاد پر طعنہ نہیں مارا۔

اٹک میں لگنے والی " گوندل منڈی " ہوتی ہی پشتون بھائیوں کے لئے ہے وہاں آج تک کسی تاجر کو خراش تو دور گھور کر تک نہیں دیکھا گیا لیکن ہاں میں ایک متعصب پنجابی ہوں۔ باجوڑ مدرسے پر حملہ ہو یا پشاور کے اسکول پر دہشتگردوں کی کاروائی میرے غم کی چیخیں سب سے بلند تھیں۔

میرے بازاروں میں خود کش حملے ہوئے ہوں یا مسجدوں میں دھماکے میں نے آنسو تو بہائے پر کبھی حملہ آور کی ذات و قوم نہیں پوچھی۔

آپکو پتہ ہے میں متعصب کیوں ہوں؟

کیوں کہ میں پہلے مسلمان اور پھر پاکستانی ہوں اور پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک میں بس یہی ثابت کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہوں کہ مجھے پاکستان میں بسنے والے ہر شخص سے پیار ہے اور اب تک میں یقین دلانے میں ناکام رہا ہوں۔ کسی کی بھینس مرے یا کتا۔ کسی کی فصل ڈوبے یا رات کی نیند ٹوٹے قصور بس میرا ہی ہے کیوں کہ میں ایک " متعصب پنجابی " ہوں!!!

No comments:

Post a Comment